بھوپال22اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات سے تقریباََسوا ماہ پہلے کانگریس کی شکایت پر بھنڈ کے ضلع مجسٹریٹ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ان کی جگہ 2009 بیچ کے آئی اے ایس افسر دھن راج ایس کی تقرر ی کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن سے تبادلے کے سلسلے میں منظوری ملنے کے بعد حکومت نے اتوار کی شام اس کے مؤثر ہونے کا حکم جاری کیا۔ایک سینئر افسر نے پیر کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے اتوار کو حکم جاری کر بھنڈ کے ضلع مجسٹریٹ آشیش کمار کا تبادلہ کر دیا ہے۔ 2009 بیچ کے افسر کمار کو ڈپٹی سیکرٹری، مدھیہ پردیش حکومت کے طور پر تقرری کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2009 بیچ کے ہی آئی اے ایس افسرکو بھنڈ کا ضلع مجسٹریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اب تک وہ مدھیہ پردیش عوامی صحت اور خاندانی بہبود کے آپریٹر کے عہدے کے ساتھ ساتھ قومی صحت مشن بھوپال کے مشن کا اضافی چارج سنبھال رہے تھے۔اسی درمیان، بھنڈ ضلع کی لہار اسمبلی سیٹ سے کانگریس ممبر اسمبلی ڈاکٹر گووند سنگھ نے فون پربتایا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے بھنڈ کے ضلع مجسٹریٹ آشیش کمار کی طرف سے غیر سماجی عناصر کے ساتھ ساتھ بی جے پی کارکنوں کو غیر قانونی طور پر ریت کی کان کنی کرنے کی شکایت کی تھی۔ ان غیر قانونی کانوں سے بھنڈ ضلع کے سرحدی ریاست اتر پردیش میں 150 سے زائد ٹرک ریت بھیجا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع میں کئی جگہوں سے گولیاں چلنے کی اطلاع ملنے کے باوجود وہ کوئی کارروائی نہیں کر رہے تھے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ نے کانگریس کی مخالفت کے باوجود اترپردیش کے کچھ لوگوں کو مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع کی ووٹر لسٹ میں شامل کیا تھا۔سنگھ نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں چیف الیکشن کمشنر او پی راوت، مدھیہ پردیش کے چیف الیکشن افسر اور ریاست کے چیف سکریٹری سے ملاقات کرکے بھنڈ کے ضلع مجسٹریٹ کے خلاف اس سلسلے میں شکایت کی تھی اور انہیں عہدے سے ہٹانے کی مانگ کی تھی۔واضح ہو کہ بھنڈ حساس ضلع تصور کیا جاتا ہے۔